محترمہ سونیا گاندھی انڈین نیشنل کانگریس کی صدر اور حکمراں ترقی پسند محاذ (یوپی - اے) کی رابطہ کمیٹی کی چیئر پرسن ہیں-
محترمہ سونیا گاندھی 9 دسمبر 1946 کو اٹلی کے مائنو خاندان میں پیدا ہوئیں-
اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے انگریزی ، فرانسیسی اور روسی زبانوں کی تعلیم حاصل کرنے کے لیےغیر ملکی زبانوں کے اسکول میں داخلہ لیا- کیمبرح یونیورسٹی میں انگریزی زبان کے کورس کی تعلیم کے دوران ہی جناب راجیو گاندھی سے ان کی ملاقات ہوئی، اور 1968 میں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے- محترمہ سونیا گاندھی کی دو اولادیں راہل اور پرینکا ہیں- وہ دو بچوں کی نانی بھی ہیں-
محترمہ سونیاگاندھی نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ایک عام شہری کی طرح اپنے خاندان کی نگہداشت میں گذاراصرف کیا - وہ اپنی ساس محترمہ اندرا گاندھی کے ساتھ ان کے دفتری امور میں ہاتھ بٹاتی تھیں اور اکثر اوقات مہمانوں کی تواضع میں پیش پیش رہتی تھیں - 1984 سے 1991 کے درمیان جبکہ ان کے شوہر ملک کے وزیر اعظم اور کچھ عرصہ کے لیے حزب اختلاف کے لیڈر تھے، وہ جزوی طور پر عوامی خدمت کے میدان میں سرگرم رہیں اور اپنے شوہر کے ساتھ ملک وبیرون ملک کا سفر کیا- اس دوران انہوں نے راجیو گاندھی کے حلقہ انتخاب امیٹھی کے عوام کی فلاح وبہبود میں دل چسپی لی اور طبی خدمات اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیا-
مئی 1991 میں اپنے شوہر کی شہادت کے بعد انہوں نے راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کے نام سے ایک غیر سرکاری تنظیم کی بنیاد ڈالی- اس ادارے سے ملحق تحقیقی ادارے راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ برائے عصری مطالعات بھی قائم کیا- ان اداروں کی چیئر پرسن کی حیثیت سے انہوں نےخود کو اپنے آنجہانی شوہر کے ورثہ کو زندہ رکھنے کی سرگرمیوں تک مشغول رکھا- وہ متعدد غیر سرکاری تنظیموں کی سربراہ ہیں-
1998 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد کانگریس کارکنان کے اصرار پر انہوں نے سیاسی میدان میں قدم رکھا- انہوں نے پارٹی کے حق میں وسیع پیمانے پر انتخابی مہم چلائی اور 1998 میں کانگریس کی صدر منتخب ہوئیں-
1999 میں وہ امیٹھی پارلیمانی حلقہ سے پارلیمنٹ کی ممبر چنی گئیں اور انہیں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر منتخب کیا گیا-
2004 کے عام انتخابات میں انہوں نے پارٹی کی انتخابی مہم کی کمان سنبھالی اور کانگریس لوک سبھا میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری - جس کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی نے (یوپی اے) حکومت کی تشکیل دی - اس چناؤ میں محترمہ سونیا گاندھی اتر پردیش کے رائے بریلی حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ چنی گئیں-
کانگریس پارٹی نے اتفاق رائے سے انہیں پارلیمانی پارٹی کا قائد چنا جس سے ان کے وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہوئی مگر انہوں نے اس عہدے کو قبول کرنے سے انکار کردیا اور ڈاکٹر من موہن سنگھ کو یہ ذمہ داری سونپی کہ وہ مخلوط حکومت کی باگ ڈور سنبھالیں- وہ یوپی اے اتحاد کی چیئر پرسن ہونے کے ساتھ ساتھ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی قائد بھی ہیں-
وہ مئی 2006 تک نیشنل ایڈوائزری کونسل (NAC) کی بھی چیئر پرسن تھیں ، جس نے سماجی اور معاشی اہمیت کے میدانوں میں حکومت کو اپنی سفارشات پیش کی تھیں- اسی کی سفارشات کے نتیجے میں قومی دیہی روز گار گارنٹی اسکیم ، حق اطلاعات ایکٹ ، دیہی طبی مشن ، مڈ ڈے میل اسکیم اور جواہر لال نہرو شہری احیا مشن اور قومی باز آباد کاری پالیسی جیسے اقدامات کئے گئے -
محترمہ سونیا گاندھی کو ماحولیات ، محروم طبقوں کو با اختیار بنانے اور بالخصوص خواتین اور بچوں کی بہبود سے خاص دل چسپی ہے-
محترمہ سونیا گاندھی نے اپنے شوہر کے بارے میں دو کتابیں 'راجیو' اور ' راجیو ورلڈ ' تصنیف کیں- اس کے علاوہ انہوں نے پنڈت جواہر لال نہرو اور مسز اندرا گاندھی کے درمیان 1922 سے 1964 کے درمیان ہوئی خط وکتابت پر مبنی دو حصوں پر مشتمل کتاب Freedom's Daughter and Two Alone, To Together ترتیب دی-
انہیں عصری ہندوستان کے مطالعہ ، کلاسیکی اور قبائلی آرٹ، ہندوستانی دست کاری اور ہینڈ لوم آرٹ کے علاوہ کلاسیکی اور لوک گیتوں سے یکساں دلچسپی ہے- انہوں نے نیشنل میوزیم نئی دہلی سے OIL PAINTING میں ڈ پلومہ بھی کیا ہے-